نئی دہلی، 18؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کی اینٹی کرپشن بیور نے دہلی خاتون کمیشن کے ایک سابق سکریٹری اور پینل کے ایک سابق سربراہ کی شکایات پر آج یہاں کمیشن کے دفتر کی تلاشی لی۔اے سی بی کے حکام نے دعوی کیا کہ انہوں نے ڈ ی سی ڈ بلیو کو مطلع کر دیا تھا کہ وہ ان کو موصول ہوئی ایک شکایت سے منسلک دستاویزات لینے کے لیے وہاں آئیں گے۔گزشتہ سال تک ڈی سی ڈبلیو کی چیف رہی کانگریس کی سابق رکن اسمبلی برکھا شکلا سنگھ نے حال ہی میں اے سی بی میں ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں انہوں نے ڈی سی ڈ بلیو میں ملازمین کی تقرری کو لے کر اس کی موجودہ صدر سواتی مالیوال پر اقرباء پروری اور تعصب برتنے کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے دعوی کیا تھا کہ آپ کے بہت سے حامیوں کو خاتون کمیشن میں عہدہ دیا گیا ہے، حالانکہ مالیوال نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔ایک اور شکایت میں دہلی کے سابق چیف سکریٹری اومیش سہگل نے الزام لگایا ہے کہ مالیوال ایک کلب کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر کے اپنے حقوق کا غلط استعمال کر رہی ہیں، سہگل اس کلب کے رکن ہیں۔ایک خاتون نے دعوی کیا تھا کہ کلب کے سوئمنگ پول میں سہگل مسلسل اسے پریشان کرتے رہے تھے۔خاتون نے دعوی کیا تھا کہ سہگل کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرانے کے بعد اسے اور اس کے شوہر کو کلب سے معطل کر دیا گیا ہے ۔ڈی سی ڈبلیو نے جوڑے کی رکنیت معطل کرنے اور خواتین کی شکایت کو مستقل شکایت کمیٹی میں نہیں بھیجنے کو لے کر کلب سے جواب طلب کیا تھا۔اے سی بی کے اس اقدام پر مالیوال سے جواب نہیں مل سکا ہے۔